Get Alerts

محکمہ ماحولیات پنجاب کا پہلی مرتبہ موٹروے کے اطراف بھٹوں کی ماحولیاتی کمپلائنس رپورٹ جاری

محکمہ ماحولیات پنجاب کا پہلی مرتبہ موٹروے کے اطراف بھٹوں کی ماحولیاتی کمپلائنس رپورٹ جاری

لاہور : محکمہ ماحولیات پنجاب نے تاریخ میں پہلی مرتبہ موٹروے کے اطراف واقع اینٹوں کے بھٹوں کی ماحولیاتی کمپلائنس رپورٹ جاری کی ہے، جس سے ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایک نیا سنگ میل طے ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ای پی اے کی ٹیموں نے ان بھٹوں کی مکمل نگرانی کی ہے جو سیاہ دھواں خارج کرتے ہیں۔

ای پی اے حکام کے مطابق، اب تک کسی بھی بھٹے کو سیل کرنے، مسمار کرنے، جرمانہ عائد کرنے یا ایف آئی آر درج کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ ای پی اے کی ٹیموں نے موٹروے کے گرد 108 بھٹوں کی جامع انسپیکشن مکمل کی۔ ان میں سے 71 بھٹے جدید زِگ زَیگ ٹیکنالوجی پر کام کر رہے تھے، جو کہ ماحولیاتی اصولوں کے مطابق سفید دھواں خارج کرتے ہیں، جبکہ 37 بھٹے نان فنکشنل تھے اور ان سے کوئی اخراج نہیں ہو رہا تھا۔

رپورٹ میں ہر بھٹے کی تاریخ، وقت اور جی پی ایس سٹیمپ کے ساتھ تصویری شواہد بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس عمل کے ذریعے موٹروے زون میں 100 فیصد ماحولیاتی کمپلائنس کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ای پی اے کی ٹیموں کی محنت اور مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن "صاف فضا، صحت مند پنجاب" کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زِگ زَیگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے بھٹوں کے دھوئیں میں نمایاں کمی آئی ہے، جس سے سموگ کو کنٹرول کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ ای پی اے کا مقصد سزاؤں کے بجائے اصلاحات اور بہتری کے ذریعے پائیدار نتائج حاصل کرنا ہے، اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زمینی حقائق کی بنیاد پر شفاف مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر بھٹہ مالکان اور مقامی کمیونٹی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ٹیگز: