لاہور : پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پہلی بار ڈرون سرویلنس کے ذریعے بھٹوں کی نگرانی کا ایک جدید نظام متعارف کرایا ہے، جس سے ماحولیاتی آلودگی کو قابو پانے کے لیے ایک اہم قدم اُٹھایا گیا ہے۔
ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے مطابق، موٹروے کے اطراف 112 بھٹوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 77 بھٹوں سے سفید دھواں خارج ہو رہا تھا، جبکہ 34 بھٹے نان فنکشنل یعنی بند پائے گئے، اور صرف ایک بھٹے سے کالا دھواں نکل رہا تھا۔ ای پی اے فورس کی جانب سے ان بھٹوں کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے، اور زیرو پالیوشن پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
مذکورہ فورس کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بھی شخص موٹروے پر سفر کے دوران کسی بھٹے سے کالا دھواں دیکھے، تو وہ فوری طور پر 1373 پر اطلاع دے سکتا ہے، جس پر ای پی اے فورس فوراً کارروائی کرے گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھٹہ مالکان اور ای پی اے فورس کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی جذبہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی یہ کوششیں مزید مؤثر ثابت ہوں گی۔