Get Alerts

غزہ امن معاہدہ : قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ، 7 اسرائیلی یرغمالی رہا، ریڈ کراس کے سپرد

غزہ امن معاہدہ : قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ، 7 اسرائیلی یرغمالی رہا، ریڈ کراس کے سپرد

غزہ : غزہ امن معاہدے کے تحت فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل آج سے شروع ہو گیا ہے۔ معاہدے کے مطابق 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 1700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی جا رہی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، حماس اور اسرائیل کے درمیان یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ کے علاقے دیرالبلاح پہنچ چکی ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے بسوں میں سوار کر کے روانہ کیا گیا ہے، اور ابتدائی طور پر 7 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ ان یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا ہے، اور حماس نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

معاہدے کے تحت کل 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی توقع ہے، جن کے بدلے 1700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا جائے گا۔ رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کو جنوبی غزہ کے النصراسپتال منتقل کیا جائے گا، جہاں 1716 قیدیوں کو لایا جائے گا۔

حماس کے مسلح ونگ، القسام بریگیڈ نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست جاری کر دی ہے، اور خان یونس میں ان کی رہائی کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگ قیدیوں کی رہائی کے موقع پر خان یونس میں جمع ہو گئے ہیں تاکہ آزاد ہونے والوں کا استقبال کر سکیں۔

دوسری جانب، مصر کے شہر شرم الشیخ میں آج غزہ امن معاہدے پر دستخط کی ایک اہم تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ اس تاریخی معاہدے پر دستخط کریں گے۔

ٹیگز: