Get Alerts

خیبرپختونخوا : ضلع دیر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی، 10 خوارج ہلاک، 7 جوان شہید

 خیبرپختونخوا : ضلع دیر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی، 10 خوارج ہلاک، 7 جوان شہید

راولپنڈی : صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع دیر کے علاقے لال قلعہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر خوارج کے ایک اہم ٹھکانے پر کارروائی کی، جس دوران یرغمال بنائے گئے شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے 7 جوان شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ "خوارج" کے خلاف کیا گیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 10 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہداء میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، سپاہی محمد امجد، سپاہی محمد داؤد اور سپاہی فضل قیوم شامل ہیں۔ ان تمام سپاہیوں نے بے گناہ شہریوں کی زندگی بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

مزید کہا گیا ہے کہ خفیہ رپورٹس کے مطابق اس دہشتگرد کارروائی میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے اور اپنی ذمہ داریاں نبھائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی پشت پناہی سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج پرعزم ہے اور ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

ٹیگز: