Get Alerts

"شکریہ پاکستان"؛ برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کا ایوان میں وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی جیت کا اعتراف

لندن / اسلام آباد : برطانوی پارلیمنٹ میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور کامیاب مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کے سفارتی کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ایوان کو آگاہ کیا ہے کہ برطانیہ اس امن عمل میں پاکستان کی مکمل حمایت کر رہا ہے۔
برطانوی پارلیمنٹ کے اہم اجلاس کے دوران لیبر پارٹی کے رکن محمد افضل خان نے اسلام آباد مذاکرات کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کی کامیاب میزبانی کی، جو عالمی امن کے لیے ایک سنگِ میل ہے۔
انہوں نے اس کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی مخلصانہ کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔
 انہوں نے وزیراعظم سے پوچھا کہ ایک اتحادی کے طور پر برطانیہ ان امن کوششوں میں پاکستان کا کتنا ساتھ دے رہا ہے؟۔
برطانوی وزیراعظم نے رکنِ پارلیمنٹ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ  میری تین روز قبل وزیراعظم شہباز شریف سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ مذاکرات اور امن کی بحالی میں پاکستان کا کردار انتہائی کلیدی ہے، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ کیئر اسٹارمر نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس عمل میں برطانیہ کا تعاون مانگا تھا اور برطانیہ اس امن مشن میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

سفارتی حلقوں کے مطابق، برطانوی وزیراعظم کا ایوانِ عام (House of Commons) میں کھڑے ہو کر پاکستان کی تعریف کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی "ثالثی سفارت کاری" نے عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا لیا ہے۔ یہ بیان پاکستان کے بین الاقوامی وقار اور عالمی سیاست میں اس کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتا ہے۔

ٹیگز: