واشنگٹن : امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور سے متعلق خبروں کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت کم ہو کر 98 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 97 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یورپ اور ایشیا کی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان رہا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈریڈ انڈیکس 5 ہزار 43 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 65 ہزار 635 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ایشیا میں جنوبی کوریا کی کوسپی انڈیکس میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا، جاپان کے نکی انڈیکس میں 2.4 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 0.8 فیصد بڑھا۔
اس کے برعکس بھارت کی اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ جرمنی کے ڈیکس اور فرانس کے سی اے سی انڈیکس میں کاروباری دوران 1 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ ریاستہائے متحدہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور جلد اسلام آبادمیں ہو سکتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے وفود اسی ہفتے اسلام آباد میں دوبارہ امن مذاکرات کے لیے پہنچ سکتے ہیں۔
مزید یہ کہ پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بھی رائٹرز کو بتایا کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ اسی ہفتے یا آئندہ ہفتے کے آغاز میں متوقع ہے۔