Get Alerts

پاکستان ہماری آن، بان اور شان ہے، آج عہد کا دن ہے کہ وطن کو عظیم تر بنائیں گے ، مریم نواز

پاکستان ہماری آن، بان اور شان ہے، آج عہد کا دن ہے کہ وطن کو عظیم تر بنائیں گے ، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر قوم کو پُرجوش مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہماری شناخت، فخر اور وجود کی علامت ہے، اور آج کا دن محض جشن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے وطن کو مزید مضبوط اور عظیم بنائیں گے۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ الحمدللہ! ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں پاکستان جیسی بے مثال نعمت عطا کی۔ ہمیں آزادی، باوقار زندگی اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہونے پر فخر بھی ہے اور شکر بھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا روشن چراغ ہے جس کی روشنی پوری دنیا میں پھیل رہی ہے، اور یہ وطن ہماری آن، بان اور شان ہے۔ ہم آج جو آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، وہ لاکھوں شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہے، جنہیں ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

مریم نواز نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بطور قوم خود سے سوال کرنا ہوگا کہ وطن نے تو ہمیں آزادی، عزت اور شناخت دی — لیکن ہم نے اسے کیا دیا؟ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو آزادی کی تحریک اور وطن کے دفاع کی کہانیاں سنائیں تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی کا جذبہ پروان چڑھے۔

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، اور ہم سب مل کر اسے عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔

ٹیگز: