لاہور :نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) میں پاکستان کا 78واں یومِ آزادی ملک بھر میں ملی جوش و جذبے، روایتی انداز اور حب الوطنی کے عزم کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی پرچم کشائی کی تقریب ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹر، نیو کوٹ لکھپت لاہور میں منعقد ہوئی جہاں منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز اور جنرل منیجرز کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے اپنے خطاب میں قیامِ پاکستان کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آزادی کے مقاصد کے حصول کے لیے انفرادی و اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دینے اور امن و اتحاد کے ساتھ ملکی ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔
انجینئر محمد شاہد نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن قائداعظم کے وژن ایمان، اتحاد، تنظیم پر عمل پیرا رہنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص (معرکہ حق) کے دوران بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے وطن عزیز کی ترقی کے لیے سخت محنت اور لگن کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (پی اینڈ ای) انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن سمیت سینئر افسران، خواتین، بچے اور عملے کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر ادارے کی شاندار خدمات انجام دینے والے افسران و ملازمین کو تعریفی اسناد دی گئیں۔ قبل ازیں سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے مارچ پاسٹ اور سلامی پیش کی، جبکہ بچوں نے ملی نغمے، ٹیبلوز اور تقاریر کے ذریعے اپنی وطن سے محبت کا اظہار کیا۔