وفاقی کابینہ نے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کرنے منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کرنے منظوری دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ اس کیساتھ ہی میچز کے دوران ہیلی کاپٹرز سے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی ریکوزیشن پرویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کرنے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی تھی جسے منظور کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری کی منظوری کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی سیکورٹی کیلئے لائٹ کمانڈو بٹالین کی2 کمپنیز، ایک ایس سی جی کی پلاٹون اور ایک انفنٹری کمپنی تعینات کی جائے گی جبکہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے میچز کے دوران 3 آرمی ہیلی کاپٹرز فضائی نگرانی بھی کریں گے۔ 
واضح رہے کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کے بعد ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 200 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 137 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا۔