پی ٹی آئی نے نئے چیئرمین کو بتائے بغیر ان کے نام سے چندا اکٹھا کرنے کیلئے امریکا میں نئی کمپنی بنالی، بیرسٹر گوہر لاعلم 

پی ٹی آئی نے نئے چیئرمین کو بتائے بغیر ان کے نام سے چندا اکٹھا کرنے کیلئے امریکا میں نئی کمپنی بنالی، بیرسٹر گوہر لاعلم 

 اسلام آباد : تحریک انصاف نے امریکا میں فنڈ اکٹھے کرنے اور لابنگ کیلیے نئی کمپنی کی رجسٹریشن کرالی ہے ۔ نئی کمپنی کی رجسٹریشن امریکی ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں چندروز قبل کرائی گئی ہے۔ 

سینئر تحقیقاتی صحافی زاہد گشکوری کا کہنا ہے کہ ہمیں موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق کمپنی تحریک انصاف کے نئے چیرمین گوہر علی خان کے عہدے سنبھالنے کے چند روزبعد بنائی گئی تھی۔

بیرسٹر گوہر علی خان کو کمپنی کا فارن پرنسپل دکھایا گیا ہے جبکہ دلچسپ امر یہ کہ نئے چیرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے علم میں نہیں ہے۔

دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ کمپنی کے ڈائریکٹرز دو امریکی شہری ہیں ۔امریکی ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں کمپنی کا رجسٹریشن نمبر 7351 ہے۔ پی ٹی آئی شکاگو چیپٹر نے یہ کمپنی رجسٹرڈ کرائی ہے۔

دو امریکی شہریوں راجہ یعقوب اور صغیر بختیاری کی طرف سے کمپنی رجسٹرڈ کرائی گئی ہے۔ دونوں ڈائریکٹرز نے کمپنی کی دستاویزات ڈیپارٹمنٹ اف جسٹس کے ساتھ اٹھ دسمبر کو جمع کرائی ہیں۔

کمپنی کا مقصد تحریک انصاف کی فلاح، جمہوریت کی بہتری، لابنگ ، امریکی اور پاکستانیوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

کاغذات میں کمپنی کی رجسٹریشن 8 دسمبر کو کرائی گئی ہے جبکہ فارن پرنسبل یعنی بیرسٹر گوہر علی خان کے ساتھ معاہدہ 2 دسمبر 2023 کا بتایا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے نئے چیرمین گوہر علی خان نے بتایا ہے کہ کمپنی کے قیام سے متعلق انہیں کوئی علم نہیں ۔ پی ٹی آئی امریکا سے معلومات لینے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ کمپنی رجسٹرڈ کروانا کوئی غیرقانونی نہیں تاہم وہ اس نئی رجسٹریشن کے متعلق تمام معلومات اکٹھی کرکے میڈیا سے شیر کرینگے۔

مصنف کے بارے میں