Get Alerts

آئی ایم ایف اصلاحات طے شدہ ایجنڈے کا تسلسل، نئی شرائط نہیں:وزارت خزانہ

 آئی ایم ایف اصلاحات طے شدہ ایجنڈے کا تسلسل، نئی شرائط نہیں:وزارت خزانہ

اسلام آباد: وزارتِ خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت جاری اصلاحات میں کوئی نئی یا غیر متوقع شرط شامل نہیں کی گئی، بلکہ یہ پہلے سے طے شدہ اصلاحاتی ایجنڈے کا مرحلہ وار نفاذ ہیں۔

اعلامیے کے مطابق حکومت نے پروگرام کے آغاز میں اپنی مجوزہ اصلاحاتی پالیسیاں آئی ایم ایف کے سامنے پیش کیں، جنہیں میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز (MEFP) کے تحت شامل کیا گیا۔ یہ اقدامات ملک کے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

وزارت نے واضح کیا کہ ای ایف ایف پروگرام درمیانی مدت کی طے شدہ اصلاحاتی حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے، اور ہر آئی ایم ایف جائزے میں نئے اقدامات شامل کرنا معمول کا حصہ ہے تاکہ طے شدہ اہداف مرحلہ وار حاصل کیے جا سکیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سرکاری ملازمین کے اثاثہ جات کے گوشوارے، نیب کی خودمختاری میں بہتری، صوبائی اینٹی کرپشن اداروں کو مالی معلومات تک رسائی، شوگر سیکٹر اور ایف بی آر میں اصلاحات سمیت دیگر اقدامات پہلے سے ای ایف ایف پروگرام کا حصہ ہیں۔

وزارت خزانہ نے زور دیا کہ تازہ MEFP میں شامل تمام اصلاحات حکومت اور آئی ایم ایف کے پہلے سے طے شدہ ایجنڈے کا تسلسل ہیں اور انہیں غیر متوقع یا نئی شرائط قرار دینا حقیقت کے منافی ہے۔

ٹیگز: