Get Alerts

"ہم سب ایک ہیں": ایپ سپ اولمپیاڈ 2026 پاکستان کے سنہرے مستقبل کی نوید ہے، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان

لاہور : ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سپ) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے 'اولمپیاڈ 2026' کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اس ایونٹ کو قومی یکجہتی اور نوجوانوں کی ترقی کا سنگِ میل قرار دیا ہے۔ فورٹریس اسٹیڈیم میں منعقدہ اس عظیم الشان تقریب میں انہوں نے تمام نجی جامعات کے طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین ایپ سپ نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کہا کہ ایپ سپ کے پلیٹ فارم پر ہم نے تمام یونیورسٹیوں کو اکٹھا کر دیا ہے۔ ہم پنجابی، سندھی، پٹھان یا بلوچی نہیں، بلکہ صرف اور صرف پاکستانی ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ وہی قومیں کامیابی کی بلندیوں کو چھوتی ہیں جن کا رشتہ اپنی مٹی اور ثقافت سے مضبوط ہوتا ہے۔سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کا اصل مقصد طلبہ میں 'سپورٹس مین شپ' کا جذبہ پیدا کرنا اور انہیں عملی زندگی کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے۔
ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان میں ہار جیت کی اہمیت ثانوی ہے، اصل مقصد اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کھیل کے میدان میں حاصل ہونے والے تجربے اور نظم و ضبط کو اپنی عملی زندگی میں استعمال کریں تاکہ ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔
اولمپیاڈ 2026 میں تمام شریک یونیورسٹیوں کے طلبہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سپیریئر گروپ کی اعلیٰ قیادت نے بھی شرکت کی اور طلبہ کے جوش و خروش کو سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ اولمپیاڈ محض ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔

ٹیگز: