پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ مشاورتی فورم کا پہلا اجلاس

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ مشاورتی فورم کا پہلا اجلاس

اسلام آباد :  پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان پہلا دوطرفہ مشاورتی فورم اجلاس جکارتہ میں ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری برائے ایشیا پیسفک سید ذوالفقار گردیزی نے کی جبکہ انڈونیشیا کا وفد وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیا پیسفک و افریقی امور درساپرکیا کی سربراہی میں اجلاس میں شریک ہوا۔

اجلاس میں پاکستان اور انڈونیشیا کےدرمیان سیاسی، دفاعی، سکیورٹی، معیشت اور سفارتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور ان شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان آئندہ چند ماہ میں اعلیٰ سطح کے دوروں کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ پاکستانی وفد نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستانی شہریوں پر ویزے کی پابندیوں کو نرم کرنے کے ذریعے عوامی رابطوں کے فروغ پر زور دیا۔

دونوں وفود کا خیال تھا کہ پریفرینشل ٹریڈ ایگریمنٹ ( پی ٹی اے) کے تحت جائزہ اجلاس پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اہم موقع فراہم کرے گا۔ انڈونیشین وفد نے یقین دلایا کہ وہ ان امور کے بارے میں مثبت جائزہ لیں گے۔ دونوں ملکوں کے وفود نے دوطرفہ تعلقات خصوصاً مشاورتی فورم، مشترکہ کمیشن، انسداد دہشت گردی کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ اور پالیسی پلاننگ ڈائیلاگ کے میکانزم کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مصنف کے بارے میں