اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت پیر 11 بجے دن تک ملتوی کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کہ جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل سعد حسن پیش ہوئے جن سے عدالت نے استفسار کیا کہ آج آپ نے دلائل دینے ہیں؟ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے امجد پرویز دلائل دیں گے، امجد پرویز آج گھریلو مصروفیات کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سماعت کل تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔ جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ کل سماعت ممکن نہیں، الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے جواب دیا کہ میں امجد پرویز سے بات کر کے عدالت کو آگاہ کرتا ہوں۔
وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے پیر تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی ا
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان نے استدعا کی کہ توشہ خانہ کیس کے لیے پیر کو دن 11 بجے کا وقت مقرر کر لیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر لی اور توشہ خانہ کیس کی سماعت پیر 17 جولائی 11 بجے دن تک ملتوی کر دی۔ جج ہمایوں دلاور نے قرار دیا کہ کہ پیر کو کچہری کی نئی عمارت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کریں گے۔