کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گزشتہ روز مری، میانوالی، اٹک، جھنگ، جنوبی وزیرستان اور سوات میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث بعض علاقوں میں حادثات بھی پیش آئے۔ مالاکنڈ میں دیوار گرنے سے دو بہنیں جاں بحق ہو گئیں، جب کہ کوہاٹ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
ادھر خیبر کی تحصیل جمرود میں سیلابی ریلے میں دو بچیاں بہہ گئیں۔ ریسکیو حکام نے ایک بچی کی لاش نکال لی ہے جبکہ دوسری کی تلاش جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔