دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جون 2025 کے لیے "پلیئر آف دی منتھ" کا اعزاز جنوبی افریقی کرکٹر ایڈن مارکرم کو دے دیا۔ مارکرم نے یہ ایوارڈ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث حاصل کیا۔
مارکرم نے ایوارڈ ملنے پر اپنے ردعمل میں کہا:"یہ میرے کیریئر کا یادگار لمحہ ہے۔ لارڈز میں ٹیم کے ساتھ فتح حاصل کرنا ایک تاریخی موقع تھا، جو ہمیشہ میرے دل میں رہے گا۔ ٹیم کی اجتماعی محنت اور خاص طور پر کگیسو ربادا اور ٹیمبا باووما کی قیمتی اننگز نے ہماری کامیابی کو ممکن بنایا۔"
فائنل میچ میں مارکرم پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے، تاہم دوسری اننگز میں انہوں نے شاندار انداز میں واپسی کی اور دباؤ کے لمحات میں 136 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ ہدف کے تعاقب میں انہوں نے ویان ملڈر اور باووما کے ساتھ اہم پارٹنرشپس قائم کیں۔
جب باووما ان فٹ ہو گئے، تو مارکرم نے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے ٹیم کو پرسکون انداز میں فتح کے دہانے تک پہنچایا۔ ان کی اننگز نے نہ صرف ٹیم کو سہارا دیا بلکہ آسٹریلیا کے خلاف فتح کو بھی ممکن بنایا۔
اس کے علاوہ مارکرم نے گیند کے ساتھ بھی بہترین مظاہرہ کیا۔ پہلی اننگز میں اسٹیو اسمتھ کو اپنی چھٹی گیند پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی مضبوط بنیاد ہلا دی، جب کہ دوسری اننگز میں جوش ہیزل وُڈ کو پویلین بھیج کر آسٹریلوی اننگز کا اختتام کیا۔
اس اعزاز کے لیے ایڈن مارکرم، کگیسو ربادا (جنوبی افریقہ) اور پاتھم نسانکا (سری لنکا) کو نامزد کیا گیا تھا، تاہم مداحوں کی ووٹنگ اور جیوری کے فیصلے کے بعد یہ ٹائٹل مارکرم کے نام رہا۔