Get Alerts

روس کو 50 دن کی مہلت، بصورتِ دیگر 100 فیصد اضافی محصولات عائد ہوں گے: ٹرمپ

روس کو 50 دن کی مہلت، بصورتِ دیگر 100 فیصد اضافی محصولات عائد ہوں گے: ٹرمپ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر آئندہ 50 دنوں کے اندر یوکرین کے ساتھ امن معاہدہ نہ کیا گیا تو روسی مصنوعات پر اضافی 100 فیصد تجارتی محصولات نافذ کر دیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے مایوس ہیں کیونکہ اُنہیں دو ماہ قبل ہی یوکرین کے ساتھ امن قائم کر لینا چاہیے تھا، مگر انہوں نے تاخیر کی۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ:"روس کے پاس اب صرف 50 دن باقی ہیں۔ اگر انہوں نے اس دوران امن معاہدہ نہ کیا تو ہم اُن پر سخت اقتصادی دباؤ ڈالیں گے۔"
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام یوکرین کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے ضروری ہے تاکہ وہ روسی حملوں کا مؤثر جواب دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ:"ہم چاہتے ہیں کہ یوکرین اپنے دفاع میں خود کفیل ہو، اور پیٹریاٹ سسٹم اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔"
امریکی صدر نے مزید کہا کہ دنیا میں جنگوں کو روکنے کا سب سے مؤثر ذریعہ تجارت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ:

"ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں ممالک ایک خطرناک جوہری تصادم کی طرف بڑھ رہے تھے۔"
صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ یورپی یونین اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی محصولات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں اور اس حوالے سے یورپی حکام جلد مذاکرات کے لیے امریکہ پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ یکم اگست سے یورپی یونین اور میکسیکو سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 30 فیصد تجارتی ٹیکس عائد کر دیا جائے گا۔

ٹیگز: