کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں کہا کہ تعلیم کے بجٹ میں 18 فیصد اور صحت کے بجٹ میں 11 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ توانائی کے لیے 16.5 فیصد اضافی فنڈزرکھے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔تنخواہوں اور پنشن کے لیے 1.1 کھرب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کا حجم 1 کھرب روپے ہے، جس سے 1460 منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ 590 ارب روپے ترقیاتی سکیموں، 132 ارب روپے بلدیاتی اداروں، 22.5 ارب روپے زراعت، اور 59.6 ارب روپے ٹرانسپورٹ پر خرچ کیے جائیں گے۔
انہوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ سندھ اسمبلی نے اس کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی ہے، جسے وزارتِ خارجہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے وفاق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے ایک دن قبل بتایا گیا کہ صوبے کو 105 ارب روپے کم دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق، رواں مالی سال میں وفاق سے 422.3 ارب روپے کی کمی کا سامنا رہا۔