Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کے مؤثر کردار ، کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کے مؤثر کردار ، کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے مؤثر کردار اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار مشیل بیچلیٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی سطح پر درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور بنیادی اصولوں کا مکمل احترام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدوں پر مؤثر اور دیانتدارانہ عملدرآمد عالمی امن، استحکام اور انصاف کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنے تین بنیادی ستونوں، یعنی امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق، پر یکساں توجہ دیتے ہوئے متوازن پیش رفت کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ دنیا کو درپیش پیچیدہ مسائل کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے اور عالمی ترقیاتی اہداف کے حصول کی رفتار تیز کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط، فعال اور مؤثر اقوام متحدہ کے قیام کا حامی ہے جو عالمی مسائل کے حل میں مرکزی کردار ادا کرے۔
 
 

ٹیگز: