شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزراءنے شہباز شریف کی تقریر کے دوران ہلڑ بازی کی: احسن اقبال

شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزراءنے شہباز شریف کی تقریر کے دوران ہلڑ بازی کی: احسن اقبال
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کو پارلیمینٹ کی ملکی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری بنچوں سے ہلڑ بازی کر کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کو روکا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماءاحسن اقبال اور سردار ایاز صادق نے پارلیمینٹ ہاؤس کے باہر مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ آج پارلیمینٹ کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، سرکاری بنچوں سے ہلڑ بازی کر کے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی تقریرکو روکا گیا۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے دوران خطاب صرف یہ کہا کہ اگر عوام کی جیب خالی ہے تو یہ بجٹ جعلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزراءبھی ہلڑ بازی کا حصہ تھے، دراصل حکومت سچ سننے کا حوصلہ نہیں رکھتی، پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کو داؤ پر لگایا جارہا ہے۔ سینئر رہنما نے مزید کہا کہ کسی آمر نے بھی قومی اسمبلی کو ایسے یرغمال نہیں بنایا، جیسا آج دیکھنے میں آیا ہے، ہم پارلیمینٹ کو بنی گالہ ہاؤس نہیں بننے دیں گے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آج حکومتی اور سپیکر قومی اسمبلی کے روئیے سے ایوان کا وقار کم ہوا ہے، تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ اپوزیشن لیڈر کو بات کرنے سے روکا گیا ہو لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور میں یہ سب ہوا، قائد حزب اختلاف کل تقریر کریں گے۔