کراچی : سندھ حکومت نے عید الفطر کے موقع پر اپنے آبائی علاقوں کو جانے والے مسافروں کو ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار سے بچانے کے لیے بھرپور ایکشن لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف صوبہ گیر مہم شروع کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ایک ہنگامی اعلامیے میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور ٹریفک پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بس ٹرمینلز اور شاہراہوں پر متحرک ہو جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ تمام بس ٹرمینلز پر کرایہ ناموں کی چیکنگ کی جائے گی اور موقع پر ہی زائد رقم واپس کروائی جائے گی۔
قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے روٹ پرمٹ منسوخ اور گاڑیاں قبضے میں لینے کا حکم دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیمیں مختلف شہروں کے ایگزٹ پوائنٹس پر تعینات کی جائیں گی۔
سینئر وزیر کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر لاکھوں لوگ کراچی اور دیگر شہروں سے اپنے گھروں کو جاتے ہیں، ان پر اضافی مالی بوجھ ڈالنا غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔ حکومت سندھ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہر شہری مقررہ سرکاری نرخوں پر اپنے پیاروں تک پہنچ سکے۔