اسلام آباد :ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو من گھڑت قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی غیر ملکی طیارے کی موجودگی کی رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ دارانہ پالیسی پر قائم ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر قطر کے وزیراعظم اور آذربائیجان کے صدر سے ٹیلی فون پر اہم گفتگو کی ہے۔ اس کے علاوہ نائب وزیراعظم بھی دنیا بھر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ عالمی سطح پر درپیش چیلنجز اور علاقائی امن کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی جا سکے۔
دفترِ خارجہ نے کابل انتظامیہ کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ ترجمان نے زور دیا کہ سرحدی سلامتی اور خطے کا امن اسی صورت ممکن ہے جب افغانستان اپنی حدود میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا خاتمہ کرے۔
طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موقف ہمیشہ سے واضح رہا ہے کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارتکاری ہے۔ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا اور کسی بھی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنے گا جو علاقائی امن کو سبوتاژ کرے۔