Get Alerts

سٹریٹجک مکالمے کا ساتواں دور: پاکستان، یورپی یونین کا افغانستان سے دہشت گردی کے خاتمے کےلیے فوری اقدامات کا مطالبہ

سٹریٹجک مکالمے کا ساتواں دور: پاکستان، یورپی یونین کا افغانستان سے دہشت گردی کے خاتمے کےلیے فوری اقدامات کا مطالبہ

برسلز: پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سٹریٹجک مکالمے کا ساتواں دور اختتام پذیر ہوگیا، جس میں دونوں فریقین نے مختلف اہم امور پر بات چیت کی۔ اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس نے کی۔ اس دوران دونوں فریقین نے افغانستان سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے۔

پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والے اس سٹریٹجک مکالمے میں 2019 کے سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تعاون، علاقائی امن، اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کی گئی۔ دونوں جانب سے سیاسی، معاشی، تجارتی، انسانی حقوق اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق، اجلاس میں افغانستان کی موجودہ معاشی بحران اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں امن و استحکام اور ایک جامع سیاسی عمل ہی خطے کے مفاد میں ہے۔ اس کے ساتھ ہی یورپی یونین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، اور افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل عالمی قوانین اور باوقار انداز میں ہونا چاہیے۔

غزہ کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے، پاکستان اور یورپی یونین نے صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاقِ رائے کو خوش آئند قرار دیا اور تمام فریقین سے جنگ بندی پر عملدرآمد اور تعمیر نو کے عمل کی تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے دو ریاستی حل کی حمایت دہرائی، جسے وہ خطے میں دیرپا امن کا واحد راستہ سمجھتے ہیں۔

اجلاس میں خوراک، توانائی کے بحران اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی مسائل پر مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت پر بھی بات کی گئی۔ فریقین نے ایراسمس منڈس اور ہورائزن یورپ جیسے تعلیمی پروگراموں کے ذریعے علم و تحقیق کے تبادلے کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

یورپی یونین نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی مسلسل اہمیت کا اعتراف کیا، جو دونوں کے معاشی تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گا۔

آخر میں دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سٹریٹجک مکالمے کا آٹھواں دور اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا، جس میں مزید باہمی مسائل اور عالمی چیلنجز پر تفصیل سے بات کی جائے گی۔

ٹیگز: