اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس محمد یحییٰ آفریدی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ جسٹس امین الدین خان اس سے قبل آئینی بنچ کے سربراہ تھے اور 30 نومبر کو ریٹائر ہونے والے تھے۔ ان کی تقرری گزشتہ روز وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کی تھی، جس کے بعد وزارت قانون و انصاف نے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
آئینی عدالت کے 6 ججز کی تقرری بھی متوقع ہے، جنہیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں حلف برداری کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئینی عدالت کے ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس کے کے آغا، جسٹس روزی خان، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس علی باقر نجفی شامل ہیں۔