Get Alerts

وفاقی آئینی عدالت کے مزید دو ججوں جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے حلف اٹھا لیا

وفاقی آئینی عدالت کے مزید دو ججوں جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت کے مزید دو ججز، جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس امین الدین خان نے دونوں ججز سے حلف لیا، جس کی تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی عدالت کے ججز، آئینی عدالت کے ججز، لاء افسران اور عدالتی اسٹاف بھی موجود تھے۔

حلف برداری کی تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے ججز جسٹس حسن رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس علی باقی نجفی اور جسٹس کے کے آغا بھی شریک ہوئے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب طاہر، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس انعام امین منہاس، جسٹس آصف اور جسٹس اعظم خان بھی تقریب کا حصہ بنے۔

اس موقع پر چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے لیے تین بنچ تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ بنچ 1 میں چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقی نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔ بنچ 2 میں جسٹس حسن رضوی اور جسٹس کے کے آغا جبکہ بنچ 3 میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان شامل ہوں گے۔ ان بنچوں کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت آج سے اپنے مقدمات کی سماعت کا آغاز کرے گی۔

مزید برآں، وفاقی آئینی عدالت کے اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمارت میں منتقلی کا عمل جاری ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر بدستور کورٹ ون میں سماعت کریں گے، جبکہ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کورٹ ٹو میں بیٹھیں گے۔ اس کے علاوہ، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل اورنگزیب کی عدالتیں بھی منتقل کی جا چکی ہیں، اور آئینی عدالت کے ججز جسٹس عامر فاروق اور جسٹس حسن اظہر رضوی کو تھرڈ فلور پر عدالتیں مختص کی گئی ہیں۔

ٹیگز: