Get Alerts

سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم متفقہ طور پر منظور

سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں اہم ترامیم باضابطہ طور پر منظور کر لی گئیں۔ اجلاس کی صدارت چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق ترامیم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کی گئی ہیں، جسے آرڈر I کے رول 1(4) کے تحت قائم کیا گیا تھا تاکہ رولز پر عملدرآمد کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لیا جا سکے۔

کمیٹی کے ارکان میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عقیل احمد عباسی شامل تھے۔ کمیٹی نے سپریم کورٹ رولز 1980 کا تفصیلی جائزہ لیا، سپریم کورٹ رولز 2025 کا مسودہ تیار کیا اور قوانین میں موجود پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔

فل کورٹ نے تمام اراکین کی محنت کو "اہم اور قابل تحسین" قرار دیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ رولز میں کی گئی اپ ڈیٹس کا مقصد عدالتی نظام کو بہتر بنانا، عوام کو سستا اور جلد انصاف فراہم کرنا اور سروس کی فراہمی میں بہتری لانا ہے۔

اجلاس میں ایڈووکیٹ محمد منیر پراچہ کو آرڈر IV کے رول 5 کے تحت سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ فل کورٹ نے اعلان کیا کہ سپریم کورٹ رولز 2025 کو باضابطہ طور پر اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔

ٹیگز: