اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اعلان کیا ہے کہ سمندری کیبل کی مرمت کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہو سکتی ہے۔
پی ٹی سی ایل کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے کیبل میں نصب رپیٹر کی مرمت کے لئے شیڈول جاری کیا ہے۔ مرمت کا کام 14 اکتوبر کی صبح 11 بجے سے شروع ہو گا اور تقریباً 18 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس دوران انٹرنیٹ سروس میں سست روی یا جزوی تعطل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو اس عارضی مسئلے کے لئے آگاہ کیا گیا ہے اور پی ٹی سی ایل کی جانب سے جلد از جلد سروس کی بحالی کی کوشش کی جائے گی۔
پی ٹی سی ایل کے مطابق مرمت کے بعد انٹرنیٹ کی سروس مکمل طور پر بحال ہو جائے گی اور صارفین کو کوئی مزید مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔