Get Alerts

حماس نے 20 یرغمالیوں کو رہا کرنے کے بعد 4 مغویوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کر دیں

حماس نے 20 یرغمالیوں کو رہا کرنے کے بعد 4 مغویوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کر دیں

غزہ :فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 20 یرغمالیوں کو رہا کرنے کے بعد 4 مغویوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کر دیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، حماس نے چاروں مغویوں کی لاشیں بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے اسرائیل کے حوالے کیں۔ یہ افراد گائے ایلوز، یوسی شارابی، بپن جوشی اور ڈینیئل پریز تھے۔

حماس کا کہنا ہے کہ باقی 24 لاشوں کی رہائی میں وقت لگ سکتا ہے کیونکہ ان کے تدفین کے مقامات کا پتہ نہیں ہے۔ گزشتہ روز حماس نے معاہدے کے مطابق 20 زندہ یرغمالیوں کو رہا کیا تھا، جنہیں خوشگوار حالت میں دیکھا گیا۔

دوسری جانب، اسرائیلی جیلوں سے 1,968 فلسطینی قیدی رہا ہو کر غزہ اور مغربی کنارے پہنچے۔ برسوں بعد اپنے پیاروں کو دیکھ کر ان کے اہلخانہ خوشی سے سرشار ہو گئے اور ایک دوسرے کو گلے لگا کر محبت کا اظہار کیا۔

اسرائیلی جیل سے رہائی پانے والے ایک فلسطینی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، "ہم سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور پھر غزہ کے لوگوں اور مزاحمت کے قدم چومتے ہیں جنہوں نے ہمیں عزت کے ساتھ رہائی دلائی۔" اس فلسطینی شہری نے جیل کے سخت حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں 4 دن پہلے اپنی کوٹھریوں سے نکالا گیا اور تب سے مارا پیٹا گیا اور ذلیل کیا گیا۔"

ٹیگز: