غزہ : فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کو مزید 2 یرغمالیوں کی لاشیں حوالے کر دی ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق، اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ اسے حماس کی جانب سے 2 مزید یرغمالیوں کی لاشیں موصول ہو چکی ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ لاشیں ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیل کو موصول ہوئیں اور انہیں غزہ میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے حوالے کیا گیا۔ جنگ بندی معاہدے کے تحت یہ لاشیں اسرائیل کو فراہم کی گئی ہیں، اور انہیں شناخت کے لیے اسرائیل میں ایک طبی تجزیاتی مرکز منتقل کیا جائے گا۔
اب تک حماس کی جانب سے 28 مغویوں میں سے 11 کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ رفح کراسنگ کی بندش یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے، اور ان کی حوالگی رفح کراسنگ کے کھلنے سے مشروط ہے۔
دوسری جانب، امریکی محکمہ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کر سکتا ہے۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی مستند اطلاعات ملی ہیں اور ضامن ممالک کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو غزہ کے عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔