Get Alerts

حماس نے مزید 4 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دیں

حماس نے مزید 4 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دیں

غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مزید 4 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیل حکام کے حوالے کر دیں۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ لاشیں غزہ میں امن معاہدے کے تحت اسرائیل کو منتقل کی گئیں ہیں۔ اس سے قبل بھی حماس نے 4 یرغمالیوں کی لاشیں اور 20 زندہ یرغمالیوں کو اسرائیل کے حوالے کیا تھا۔

اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیل مصری سرحد کے قریب رفح بارڈر کو کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کے بعد امدادی قافلوں کی غزہ آمد کا امکان ہے۔ اس اقدام سے غزہ میں جاری انسانی بحران کے حل کی جانب ایک اور قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

دوسری طرف، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ امن معاہدے کے دوسرے مرحلے کی شروعات کا اعلان کیا اور کہا کہ حماس کی قید سے تمام 20 یرغمالی محفوظ حالت میں واپس آ چکے ہیں، لیکن ان کا کہنا تھا کہ "ہمارا کام ابھی مکمل نہیں ہوا"۔

اس دوران غزہ میں جنگی ملبے کے نیچے سے فلسطینی شہدا کی لاشوں کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے، اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 44 فلسطینیوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ اس بحران نے غزہ میں انسانی حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر امداد اور امن کی ضرورت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ٹیگز: