کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج ایک بار پھر مثبت رجحان دیکھنے کو ملا ہے، جہاں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس نے ایک لاکھ 63 ہزار پوائنٹس کی سطح کو عبور کیا۔ گزشتہ کاروباری روز کی شدید مندی کے بعد آج مارکیٹ میں تیزی آئی اور انڈیکس 4000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 163,351 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں بھرپور خریداری دیکھنے کو ملی۔ خاص طور پر آٹو موبائل، سیمنٹ، کمرشل بینک، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنریز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھا۔ حبکو، اے آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایس ایس جی سی اور ایس این جی پی ایل مثبت زون میں رہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں 4654 پوائنٹس کی کمی ہوئی تھی اور انڈیکس 158,443 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔