کراچی: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس نے کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پہلی بار ایک لاکھ 57 ہزار 88 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح حاصل کر لی۔ کاروبار کے آغاز پر 1000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ مارکیٹ میں زبردست خریداری دیکھنے میں آئی۔
مارکیٹ میں سیمنٹ، کمرشل بینکنگ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن، او ایم سیز، پاور جنریشن اور ریفائنری کے شعبوں میں خاص طور پر زبردست دلچسپی دیکھی گئی۔ حبکو، اے آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، میزان بینک، نیشنل بینک اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1810 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 56 ہزار 87 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے بعد آج کی تیزی نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔