اسلام آباد : مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت آئندہ پندرہ روزہ جائزے میں پیٹرول اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر سکتی ہے، جس کا نوٹیفکیشن وزارتِ خزانہ 15 اکتوبر کو جاری کرے گی۔ نئی قیمتیں 16 اکتوبر کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں نافذ ہوں گی۔
پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جس کے بعد نئی قیمت 262 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک آ سکتی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 97 پیسے کمی متوقع ہے، نئی قیمت 275 روپے 84 پیسے فی لیٹر ہو سکتی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل میں 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور پاکستانی روپے کے استحکام کے باعث حکومت نے قیمتوں میں ریلیف دینے کا موقع حاصل کیا ہے۔ موجودہ ایکس ریفائنری ریٹ کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کمی سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس کے اخراجات میں کمی متوقع ہے، جو صارفین کے لیے وقتی ریلیف فراہم کرے گی۔ وزارتِ خزانہ جلد پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی اور نیا قیمتوں کا فارمولا نافذ کیا جائے گا۔