اسلام آباد :یکم جون کو حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کرے گی، جس پر ملک بھر کے صارفین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ عوام کو توقع ہے کہ بجٹ سے پہلے انہیں مہنگائی کے بوجھ سے کچھ ریلیف ملے گا یا قیمتوں میں اضافہ کر کے مالیاتی دباؤ کم کیا جائے گا۔
ذرائع وزارت توانائی کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی اور ملکی مالی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 60 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 28 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ بھی ممکن ہے۔
وزارت خزانہ قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے بچا جا سکے۔ ملک میں قیمتوں کا جائزہ ہر پندرہ دن بعد اوگرا کی سفارشات کی روشنی میں کیا جاتا ہے۔