ایشیا کپ ،  پاکستان  نے سری لنکا کو جیت کیلئے 253 رنز کا ٹارگٹ دے دیا

ایشیا کپ ،  پاکستان  نے سری لنکا کو جیت کیلئے 253 رنز کا ٹارگٹ دے دیا

کولمبو: ایشیا کپ میں  پاکستان نے سری  لنکا کو جیت کے لیے253 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔  پاکستان محمد رضوان اور افتخار احمد کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 42 اوورز میں7  وکٹوں پر 252 رنز بنائے، محمد رضوان 86 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں کھیلے جانے والا میچ بارش کے باعث کچھ دیر رُکنے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا تھا اور میچ کو 45 سے  42 اوورز فی اننگز تک محدود  کر دیا گیا تھا۔

پاکستان نے  27.4 اوورز کے کھیل میں5 وکٹ پر 130 رنز بنالیے تھے جب میچ کو بارش کے باعث روکا گیا تاہم کچھ دیر کھیل رُکنے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا۔ یہ میچ سیمی فائنل کی صورت اختیار کرگیا ہے ۔عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے پاکستانی اننگز کا آغاز کیا تاہم فخر ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور 4 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 73 کے مجموعی سکور پر 29 رنز بناکر سٹمپ آؤٹ ہوگئے جبکہ ایشیا کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے ففٹی سکور کی لیکن وہ بھی 53 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔


اس کے بعد بیٹنگ کرنے آئے محمد حارث صرف 3 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ بیٹنگ آرڈر میں ترقی پانے والے محمد نواز بھی 12 رنز سکور کرکے بولڈ ہوگئے۔

سری لنکا کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے پرمود مدھوشن نے  دو وکٹیں ، مہیش تھکشانا نے  ایک، دنیتھ ویلالا نے  ایک،متھیشا پتھیریانا نے  تین وکٹیں حاصل کیں۔


ٹاس کے موقع پرکپتان بابر اعظم نے کہا کہ سعود شکیل اور امام الحق پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ان کی جگہ فخرزمان اور عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔