اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں لارجر بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور آئی جی ذوالفقار حمید نے اپنے بیاناتِ حلفی عدالت میں جمع کرا دیے، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید ملک نے دلائل دیے۔
عدالت میں تحریک انصاف کے 2022 اور 2024 کے احتجاج کی ویڈیوز بھی چلا کر دکھائی گئیں۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے مؤقف اختیار کیا کہ 2022 کے احتجاج کے دوران سرکاری مشینری استعمال کی گئی اور ڈی چوک میں آگ لگا کر املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے مارچ روکنے کیلئے کیے گئے انتظامات کو کرین کے ذریعے ہٹایا گیا، جبکہ احتجاج کے دوران سرکاری املاک اور دیگر تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔
سماعت مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔