نیب نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنس تیار کر لیے، ذرائع

نیب نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنس تیار کر لیے، ذرائع

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں چار ریفرنس تیار کئے گئے ہیں۔ چاروں ریفرنس منظوری کے لیے آج نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔ شریف فیملی کے خلاف لندن فلیٹس، پارک لین، حدیبیہ ملز اور ہل میٹل کمپنی کے ریفرنسز تیار کیے گئے ہیں۔

یاد رہے سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے 28 جولائی کو پاناما پیپرز کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 64(1) (ایف) کے تحت نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا تھا جبکہ نیب کو راولپنڈی کی احتساب عدالت میں 6 ہفتوں کے اندر اندر 4 ریفرنسز دائر کرنے کی ہدایت دی تھی۔ یہ ریفرنسز جے آئی ٹی کی جانب سے اکھٹی کی جانے والی معلومات جبکہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اور نیب کے پاس پہلے سے موجود مواد کی بنیاد پر دائر کیے جانے تھے۔

عدالتی حکم کے مطابق نیب کو نواز شریف، ان کے بچوں مریم صفدر، حسن اور حسین نواز جبکہ داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف لندن کے ایون فیلڈز فلیٹس کے حوالے سے ریفرنسز دائر کرنے تھے۔

نواز شریف اور ان کے بیٹوں کے خلاف ایک مزید ریفرنس عزیزیہ اسٹیل کمپنی، ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ اور ایک 16 دیگر کمپنیوں کے حوالے سے دائر ہونا تھا۔

ان کمپنیوں میں فلیگ شپ انویسٹمنٹس، ہارٹ اسٹون پراپرٹیز، قیو ہولڈنگز، کوئنٹ ایٹون پلیس 2، کوئنٹ سیلونی، کوئنٹ، فلیگ شپ سیکیورٹیز، کوئنٹ گلوکیسٹر پلیس، کوئنٹ پیڈنگٹن، فلیگ شپ ڈویلپمنٹس، الانہ سروسز، لنکن ایس اے، شیڈرن، انبیشر، کومبر اینڈ کیپیٹل ایف زیڈ ای (دبئی) شامل ہیں جبکہ چوتھا ریفرنس اسحٰق ڈار کے خلاف اپنی آمدن سے زائد فنڈز اور اثاثے رکھنے پر دائر کیا جانا تھا۔

واضح رہے کہ نیب کے کام کی نگرانی اور رہنمائی جبکہ احتساب عدالت کی کارروائی پر نظر رکھنے کے لیے سپریم کورٹ نے اپنے ایک جج جسٹس اعجاز الحسن کو نامزد کر رکھا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں