Get Alerts

وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی انسداد دہشت گردی کوآرڈینیٹر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی انسداد دہشت گردی کوآرڈینیٹر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری لوگرفو نے ملاقات کی، جس میں انسداد دہشت گردی، سرحدی سیکیورٹی، منشیات کے خلاف کارروائی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران گریگوری لوگرفو نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر وزیر داخلہ اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک-امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ سے دونوں ممالک کے درمیان ایک مؤثر مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے بعد سے پاک-امریکہ تعلقات میں بہتری آئی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان شفافیت، باہمی اعتماد اور تعاون کا مضبوط رشتہ قائم ہوا ہے۔ انہوں نے عالمی امن کے لیے امریکی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔

ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور منشیات کے خلاف معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

امریکی کوآرڈینیٹر گریگوری لوگرفو نے پاکستان کی جیو اسٹریٹجک اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دہشت گرد حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی شریک تھے۔

ٹیگز: