اسلام آباد : پاکستان اور چین کے درمیان انسدادِ دہشت گردی اور سکیورٹی کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے سفیر جیان زیڈونگ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں چینی سفیر نے اسلام آباد میں حالیہ خودکش حملے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تیار ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے وزارتِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بھی اس حملے کی مذمت کا ذکر کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں، اور چین پاکستان کا ایک ایسا قابلِ اعتماد دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے اور چین کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
چینی سفیر جیان زیڈونگ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کام کرے گا۔