Get Alerts

پاکستان اور مصر کا سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، پاکستانی وفد جلد قاہرہ کا دورہ کرے گا

پاکستان اور مصر کا سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، پاکستانی وفد جلد قاہرہ کا دورہ کرے گا

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مصر کی وزارتِ داخلہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور سائبر کرائم سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مصر کے اس اہم وفد کی قیادت میجر جنرل مجدی ہلال کر رہے تھے۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، ملاقات میں انسدادِ منشیات اور سیف سٹی کے جدید ترین نظام کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت طلال چوہدری بھی موجود تھے۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا پاکستان مصر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ان روابط کو مزید پائیدار بنانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک پاکستانی وفد جلد مصر کا دورہ کرے گا۔

مصری وفد کے سربراہ میجر جنرل مجدی ہلال نے پاکستان کی جانب سے گرمجوشی سے کیے گئے استقبال پر شکریہ ادا کیا اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تجربات اور دونوں ممالک کے مابین ادارہ جاتی تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ٹیگز: