واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والے حملے کو "خوفناک" قرار دیتے ہوئے اس میں جان پر کھیل کر حملہ آور کو روکنے والے شہری کی بہادری کو سراہا۔ وائٹ ہاؤس میں کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے اس دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ مذہبی تہوار منانے والے افراد کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، بلکہ وہ فخر کے ساتھ اپنے تہوار منائیں۔
صدر ٹرمپ نے حملے کے دوران جان پر کھیل کر حملہ آور کو قابو کرنے والے شخص کو "بہادر" قرار دیا اور کہا کہ اس شخص نے بہت سے جانیں بچائیں۔ امریکی صدر نے اس کی جرات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص قابل احترام ہے اور اس نے اپنی قربانی سے دیگر افراد کی زندگی بچا کر ایک عظیم کام کیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، سڈنی میں فائرنگ کے دوران ایک شہری احمد ال احمد نے حملہ آور کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر پکڑا اور اس کا اسلحہ چھین لیا، جس سے متعدد افراد کی جان بچ گئی۔ احمد ال احمد کی عمر 43 سال ہے اور وہ سڈنی میں پھل فروخت کرنے والا ایک تاجر ہے۔ وہ دو بچوں کا باپ ہے اور اس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف حملہ آور کو قابو کیا بلکہ اس کی مدد سے کئی معصوم زندگیوں کو بچایا۔