Get Alerts

نوجوانوں کی قومی تربیت: آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت گوادر کے طلباء کا نیول بیس کا دورہ

نوجوانوں کی قومی تربیت: آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت گوادر کے طلباء کا نیول بیس کا دورہ

گوادر : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے زیرِ اہتمام نوجوان نسل کی فکری اور قومی تربیت کے لیے "ونٹر انٹرن شپ پروگرام" ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں گوادر سے تعلق رکھنے والے طلباء کے ایک وفد نے گوادر نیول بیس اور میرین ٹریننگ سینٹر کا خصوصی مطالعاتی دورہ کیا۔ طلباء کو گوادر نیول بیس پر پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور ساحلی دفاع کے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
 میرین ٹریننگ سینٹر میں طلباء نے پاک بحریہ کے جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے مراحل کا قریب سے مشاہدہ کیا اور جدید بحری ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ آئی ایس پی آر کے حکام نے طلباء کے ساتھ خصوصی سیشنز کیے، جن میں انہیں قومی سلامتی، سی پیک (CPEC) کی اہمیت اور نوجوانوں کی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
دورے کے موقع پر گوادر کے طلباء نے انتہائی جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا    "آئی ایس پی آر کی جانب سے براہ راست سیشنز اور نیول بیس کے مطالعاتی دوروں کا انعقاد ایک نہایت مثبت اور خوش آئند اقدام ہے۔ اس سے ہمیں نہ صرف اپنے دفاعی اداروں کو جاننے کا موقع ملا بلکہ وطنِ عزیز کی خدمت کا جذبہ بھی بیدار ہوا ہے۔"
آئی ایس پی آر کے ونٹر انٹرن شپ پروگرام کا بنیادی مقصد ملک کے دور افتادہ علاقوں کے طلباء کو قومی دھارے میں شامل کرنا، انہیں دفاعی نظام سے روشناس کرانا اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنا ہے۔

ٹیگز: