اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ہر شعبے میں عوامی فلاح اور بہتری کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے سندھ میں برسر اقتدار آئی اور صوبے کے مختلف چیلنجز کا سامنا بہترین حکمت عملی کے ذریعے کیا گیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب سندھ میں حکومت قائم ہوئی تو دہشت گرد حملوں اور سیکیورٹی مسائل کا سامنا تھا، لیکن پارٹی نے ہر دور میں چیلنجز کا مؤثر حل نکالا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے صحت کے شعبے میں نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں عالمی معیار کی صحت سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں اور پہلی بار کینسر کے علاج کے لیے سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، کینسر اور امراض قلب کے مریضوں کا مفت علاج بھی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں این آئی سی وی ڈی طرز کے 11 اسپتال قائم کیے گئے ہیں اور ایک سال میں 2.9 ملین مریضوں کو علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت مستقبل میں بھی ہر شعبے میں بہتری اور عوام کی سہولت کو اولین ترجیح دے گی، اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔