لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے معطل ارکان کے خلاف مزید کارروائیوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی برطانیہ روانگی کے باعث قائم مقام ڈپٹی سپیکر ظہیر عباس چنڑ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز ہونے تک کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے 19 معطل ارکان کے خلاف کارروائیاں روک دی ہیں، جن میں جرمانے کی دوسری نوٹس جاری کرنا اور تنخواہوں سے جرمانے کی کٹوتی شامل ہے۔
پہلے سپیکر نے اپوزیشن کے معطل ارکان پر توڑ پھوڑ کے الزام میں 20 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا تھا اور جرمانہ ادا نہ کرنے پر سخت کارروائی کی دھمکی دی گئی تھی۔ تاہم، اس وقت مزید کارروائی روک دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، اپوزیشن کے 13 ارکان کو قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین کے عہدوں سے ہٹانے کے فیصلے پر بھی عملدرآمد روک دیا گیا ہے، جبکہ بعض چیئرمین پہلے ہی عہدوں سے ہٹائے جا چکے ہیں