Get Alerts

سندھ : پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی نافذ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان

سندھ : پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی نافذ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان

کراچی: سندھ حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کے پیشِ نظر صوبے بھر میں آج سے پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال، تیاری، فروخت اور ترسیل پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سیکرٹری ماحولیات آغا شاہنواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام صنعتکار، تھوک فروش اور ریٹیلرز پلاسٹک بیگز کا کاروبار فوری طور پر بند کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پہلے مہلت دی گئی، آگاہی مہمات چلائی گئیں اور متعدد بار وارننگز بھی جاری ہوئیں، مگر اب کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف جرمانے، گرفتاری اور فیکٹری کی بندش جیسے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

آغا شاہنواز نے کہا کہ "یہ پابندی صرف اعلان تک محدود نہیں بلکہ اس بار حقیقی عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ متعلقہ اداروں کو کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔"

واضح رہے کہ پلاسٹک بیگز ماحولیاتی آلودگی اور آبی حیات کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکے ہیں، جن کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ٹیگز: