Get Alerts

سندھ میں پلاسٹک شاپنگ بیگز پر 15 جون سے مکمل پابندی کا اعلان

سندھ میں پلاسٹک شاپنگ بیگز پر 15 جون سے مکمل پابندی کا اعلان

کراچی :سندھ حکومت نے صوبے بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال، فروخت اور تیاری پر 15 جون 2025 سے مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے اور پلاسٹک آلودگی اس سلسلے میں سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی زمین، پانی اور جنگلی حیات کے لیے خطرناک بن چکی ہے، جس پر فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ "پلاسٹک سے پاک سندھ ہمارا خواب ہے، جسے ہم سب کو مل کر حقیقت کا روپ دینا ہے۔" انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اختیار کریں اور کپڑے یا کاغذ کے تھیلوں کا استعمال یقینی بنائیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے صفائی مہم، شجرکاری، ری سائیکلنگ صنعت کے فروغ اور ندی نالوں کی صفائی جیسے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ پلاسٹک کے خلاف قوانین پر سختی سے عملدرآمد بھی جاری ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت تعلیمی و سماجی اداروں کے ساتھ مل کر ماحولیاتی آگاہی مہمات چلا رہی ہے تاکہ عوام میں ماحول دوست رویوں کو فروغ دیا جا سکے۔

سندھ حکومت کی جانب سے پلاسٹک بیگز پر یہ مکمل پابندی ایک ایسے وقت میں عائد کی جا رہی ہے جب دنیا بھر میں پلاسٹک آلودگی کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ماہرین ماحولیات اس اقدام کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔

ٹیگز: