لاہور: سردی کی بھرپور واپسی، کوئٹہ اور زیارت میں آسمان سے گرتے برف کے گالوں سے رگوں میں خون جما دینے والی سردی لوٹ آئی۔ وادی کوئٹہ اور زیارت میں پہاڑ برف سے ڈھک گئے۔
برفباری کے باعث زیارت کوئٹہ اور زیارت سنجاوی روڈ بند کر دی گئی۔ چمن شہر اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ قلات، پشین، ژوب اور کان مہتر زئی میں بھی آسمان سے بوندیں ٹپکنے لگیں۔
لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں آسمان پر بادلوں کا راج ہے۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے پارہ بھی گر گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں بوندا باندی ہو سکتی ہے جبکہ کوئٹہ، ژوب، قلات، مالاکنڈ، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، سرگودھا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔