نیویارک: پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اسلامو فوبیا سے ہر سطح پر مؤثر طریقے سے نمٹنا ضروری ہے۔
منیر اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ مختلف ممالک نے اسلامو فوبیا کے خلاف بیانات دیے ہیں، لیکن اب ان بیانات پر عملدرآمد کا وقت آ چکا ہے۔ پاکستان اور او آئی سی مل کر اسلامو فوبیا کے خلاف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ تعاون کریں گے۔ پاکستان نے اسلامو فوبیا کے مسئلے کو عالمی سطح پر تسلیم کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنرل اسمبلی میں پاکستان کی پیش کردہ اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
منیر اکرم نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اسلامو فوبیا کے خلاف خصوصی سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا اعلان ایک دو دن میں کر دیا جائے گا۔