کراچی: گورنر سندھ نہال ہاشمی نے شہرِ قائد اور صوبے کی ترقی کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کراچی کے خلاف کسی بھی قسم کی منفی مہم جوئی کو قبول نہیں کریں گے اور شفافیت کے لیے محکموں کا آڈٹ کرایا جائے گا۔کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وہ تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، "مجھ پر تنقید کرنے والے لوگ مجھے بہت اچھے لگتے ہیں"، کیونکہ تنقید ہی سے بہتری کی گنجائش نکلتی ہے۔
صوبے کے سیاسی حالات اور وفاق کے کردار پر بات کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاسندھ میں جب بھی کوئی اچھا کام شروع کرنا ہو، میاں نواز شریف ہمیشہ سب سے پہلے آگے آتے ہیں۔"
نواز شریف پاکستان کی خاطر جیل تو جا سکتے ہیں لیکن وہ ملک کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
گورنر سندھ نے اپنے منصب کو کارکنوں کی جدوجہد سے منسوب کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ جس مقام پر بیٹھے ہیں، یہ ان کے لیڈروں اور جاں نثار کارکنان کی طویل قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ کراچی کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے اور صوبے میں گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے اپنا بھرپور آئینی کردار ادا کریں گے۔