عظمیٰ اور طاہر کا معاملہ، فریقین کی درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کا فیصلہ

عظمیٰ اور طاہر کا معاملہ، فریقین کی درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کا فیصلہ

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عظمی سے شادی کرنے والے پاکستانی شہری طاہر علی کی درخواست پر سماعت کی۔ عظمی ٰکے وکیل اور بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری پیش ہوئے۔ عظمی کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ 22 مئی کو ان کی موکلہ کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہے۔ اس لئے طاہر علی کی درخواست سماعت بھی اسی تاریخ کو مقرر کی جائے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا عدالت بھارتی ہائی کمیشن کو خاتون سے ملاقات کرانے کی ہدایت کر سکتی ہے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ عدالت درخواست پر فیصلہ آنے تک بھارتی خاتون کو بھارت جانے سے تو روک سکتی ہے۔ عدالت نے دونوں کی درخواستوں کو یکجا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

گزشتہ دنوں بھارتی خاتون عظمی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ بھارت واپس جانے کی اجازت اور پولیس کی تفتیش سے استثنیٰ دیا جائے۔ اسلام آباد سے واہگہ بارڈر تک سکیورٹی فراہم کی جائے اور شوہر کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

عظمیٰ کے شوہر طاہر نے بھی عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی کہ اس کی بیوی کو بھارت جانے سے روکا جائے اور آزادانہ ملاقات کی اجازت دی جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں